قبل از وقت بالوں میں سفیدی کی وجہ ڈھونڈ لی گئی

12

لوگوں کے بال جوانی میں ہی کیوں سفید ہوجاتے ہیں ؟ تو سائنسدانوں نے اس کی ایک ٹھوس وجہ ڈھونڈ لی ہے۔

جی ہاں ملازمت، گھر والوں یا کسی اور چیز کا تناﺅ بالوں کو قبل از وقت سفید کردیتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

الاباما یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ذہنی تناﺅ بالوں کو بہت تیزی سے سفید کردیتا ہے ۔

اس سے پہلے یہ بحث سامنے آتی رہی ہے کہ جنیاتی عمل خاندان کے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوکر بالوں کی قبل از وقت سفیدی کا باعث بنتا ہے۔

مگر اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب جسم تناﺅ کا شکار ہوتا ہے جیسے کسی مرض، جذباتی یا ذہنی جھٹکے کے باعث تو اس کا دوہرا اثر ہوتا ہے۔

عام صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے ساتھ ساتھ جسمانی مدافعتی نظام دفاعی ردعمل ظاہر کرتا ہے، جس سے بالوں کی جڑوں کے ان خلیات میں تبدیلیاں آتی ہیں جو رنگت بناتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں بال سفیدی کا شکار ہوجاتے ہیں۔

محققین نے بالوں کی رنگت کنٹرول کرنے والے جینز اور کسی انفیکشن سے لڑنے کے سگنل دینے والے جینز کے درمیان ‘حیران کن’ لنک دریافت کیا۔

یہ جینز صرف بالوں کی رنگت ہی نہیں بدلتے بلکہ جلد کی رنگت بھی بدل دیتے ہیں، جس سے برص جیسا مرض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جب جسم اپنے مدافعی نظام کے حملے کی زد میں آتا ہے تو سب سے پہلے بالوں کی رنگت سیاہ رکھنے والے خلیات اپنا کام چھوڑتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ بال اور جلد کی رنگت کنٹرول کرنے والے جینز ہی مدافعتی نظام کو کنٹرول میں رکھنے کا کام بھی کرتے ہیں اور ان میں گڑبڑ کا نتیجہ قبل از وقت بالوں کی سفیدی کی شکل میں نکلتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے PLOS بائیولوجی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.