(ن) لیگ سینیٹ الیکشن سے آؤٹ، الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو آزاد قرار دیدیا

40

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دے دیا جس کے نتیجے میں بحیثیت سیاسی جماعت (ن) لیگ سینیٹ الیکشن سے آؤٹ ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور تمام فیصلے کالعدم ہونے کے بعد ان کی طرف سے سینیٹ انتخابات کیلیے ن لیگ کے امیدواروں کو جاری کردہ ٹکٹوں کے مسئلے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکرٹری ، چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز، ڈی جی لاء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ امیدواروں کی قانونی حیثیت پر غور کیا گیا۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے ن لیگ کے نمائندوں کو آزاد امیدوار قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعت کی حیثیت سے سینیٹ الیکشن سے آؤٹ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں 4 آپشنز پر غور کیا گیا۔ کمیشن نے سینیٹ انتخابات کو ملتوی کرنے، ن لیگ کے امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دینے، نیا پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کیلئے وقت دینے اور امیدواروں کی قانونی حیثیت پر سپریم کورٹ سے رہنمائی لینے کے آپشنز پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن تمام آپشن پر غور کرکے ن لیگ کے امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دینے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب آج ہی مسلم لیگ (ن) نے اپنے سینیٹ امیدواروں کو نئے ٹکٹ جاری کرکے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرادیے تھے۔ نئے ٹکٹ مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کے دستخطوں سے جاری کئے گئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے ن لیگی امیدواروں کو آزاد قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کی پارٹی صدارت کالعدم قراردینے کے بعد نوازشریف کے بطور پارٹی صدر تمام فیصلوں بشمول سینٹ انتخابات کے امیدواروں کی نامزدگی کالعدم ہوگئی تھی۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.