حکومت چلانا عوام پر چھوڑ کر منصف اپنا کام عزت سے کریں، مریم نواز

43

سرگودھا: مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نوازکا کہنا ہے کہ حساب کرو انتقام مت لو، منصف بنیں حکمران نہیں اور نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن ہے تو ثابت کریں۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ  سپریم کورٹ میں مجموعی طور پر 17 ججز ہیں جن میں سے 7 ججز نوازشریف کے خلاف مقدمات کی سماعتیں کررہے ہیں اور پاناماکیس کا 5 رکنی اسکواڈ تو ہر وقت نوازشریف کے خلاف رہتا ہے، ڈیڑھ سال سے چلنے والے مقدمے میں ابھی تک 5 روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، سابق وزیراعظم نے پاکستان میں سب سے زیادہ منصوبے لگائے، شہبازشریف اور نوازشریف نے میٹرو اور اورنج بھی بنائی، ان منصوبوں میں کوئی ایک پیسے کی کرپشن سامنے نہیں لاسکا، عوام کو نوازشریف کے اثاثے نہیں کرپشن دیکھنی ہے۔

مریم نوازکا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں کیا ہورہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ انتخابات سے اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا، کیا کبھی دیکھا ہے کہ پوری کی پوری جماعت کو الیکشن سے باہر کردیا گیا ہو،  ہمیں ناصرف سینیٹ انتخابات سے باہر کیا گیا بلکہ ہم سے ہمارا انتخابی نشان شیر بھی چھین لیا گیا،آج لاڈلہ بھی کہہ رہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کے خلاف کیسا فیصلہ دیا ہے، یہ مذاق جو شیر کے نشان یا نوازشریف کے ساتھ ہوا درحقیقت عوام کے ساتھ ہوا ہے، ان عقلمندوں کو سمجھاؤ کہ نوازشریف کو پارٹی صدارت کی ضرورت نہیں، نوازشریف کسی وزارتِ عظمیٰ یا پارٹی صدارت سے نہیں بلکہ اللہ کے کرم اور عوام کی محبت سے بنا ہے، سابق وزیراعظم کو صدارت سے ہٹانے اور دلوں سے نکالنے کے لئے کروڑوں ووٹرز کو بھی نااہل کرنا ہوگا۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ نوازشریف نے ووٹ کی حرمت کی جنگ لڑ کر بتادیا کہ ووٹ دینے والوں کی بھی کوئی عزت ہوتی ہے، جس طرح عوام نے نوازشریف کا مقدمہ لڑا، اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ بے گناہ ہیں۔ ایک وقت تھا جب منصف عوام کی عدالت میں آئے تھے اس وقت عوام قانون کے رکھوالوں کے لئے باہر نکلے تو بہت اچھی بات ہے اور اگر یہی عوام اپنے رکھوالے کے لئے نکلے ہیں تو غلط ہے، نوازشریف منصفوں کی بحالی کے لئے تحریک چلائے تو جائز اور ووٹ کے تقدس کے لئے جائے تو غلط۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.