اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار نے ٹرائل بذریعہ نمائندہ چلانے کی درخواست دائر کردی

37

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں ٹرائل بذریعہ نمائندہ چلانے کی درخواست دائر کردی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار بیرون ملک ہیں جس کی وجہ سے وہ آج عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے۔

دوران سماعت اسحاق ڈار کی وکیل عائشہ حامد نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پہلے ڈاکٹر کی رپورٹس اور انجیو گرافی سے مطمئن نہیں جس کی وجہ سے وہ دوسرے ڈاکٹر کے پاس تشخیص کے لئے جارہے ہیں۔

عائشہ حامد نے کہا کہ ظافر خان ترین کو اسحاق ڈار نے اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے جب کہ وکیل نے اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنیٰ اور نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست جمع کرائی۔

اسحاق ڈار کی درخواست پر فریقین وکلا نے دلائل مکمل کئے تو عدالت نے سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 30 اکتوبر کو سماعت کے دوران عدم پیشی پر اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

اسحاق ڈار کی پیشیاں:

وزیر خزانہ اسحاق ڈار 7 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے، وہ 25 ستمبر، 27 ستمبر، 4 ، 12، 16 اور 18 اکتوبر کو اثاثہ جات ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے پیش ہوئے۔

اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس پر پہلی سماعت 14 اور دوسری 20 ستمبر کو ہوئی اور ان دونوں سماعتوں پر وہ پیش نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھے۔

اثاثہ جات ریفرنس: احتساب عدالت نے اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کردی

27 ستمبر کو احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

نیب کی جانب سے پیش کیے گئے گواہان:

نیب کی جانب سے پیش کیے گئے پہلے گواہ اشتیاق علی تھے جن کا تعلق نجی بینک سے ہے جب کہ شاہد عزیز قومی سرمایہ کاری ٹرسٹ اسلام آباد کے ملازم اور طارق جاوید لاہور کے نجی بینک میں افسر ہیں۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.