بھارت نے مہم جوئی کی غلطی کی تو اسے اسی کی زبان میں جواب دیں گے، پاکستان

9

اسلام آباد: وزارتِ دفاع کی جانب واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی طرح کی جارحیت کرنے کی کوشش کی تو اسے اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت کو اس کے خیال، پیمانے اور جگہ سے قطع نظر کسی بھی جارحیت، غلط اندازے یا مہم جوئی کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ نئی دہلی کو اسلام آباد پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے کے بجائے پاکستان مخالف ریاستی اسپانسر جاسوسی کا جواب دینا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا کہ دنیا کے سامنے بلوچستان سے گرفتار ہونے والا ’را‘ کا افسر کلبھوشن یادیو زندہ ثبوت ہے۔

سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی سزا کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 42 پاکستانیوں کے کو انصاف فراہم کرنے اور قاتل کو سزا دینے میں ناکام ہوگیا ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے قول و فعل سے خطے میں عدم توازن پیدا کر رہا ہے، جہاں وہ ایک طرف ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے بے بنیاد بیانات دے رہا ہے وہیں اس نے لائن آف کٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ برس غیر مسلح عام شہریوں پر پانچ گناہ زیادہ حملے کیے جس میں متعدد شہری مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے اور ملکی سالمیت کے دفاع کے لیے بھرپور انداز میں تیار ہے، اور پاکستانی قوم کی حمایت سے مسلح افواج زمین، سمندر اور ہوا میں ہر وقت چوکنا ہے، اور پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی۔

پاکستان مخالف حکومت کے زیر اثر اگر بھارت کی جانب سے کسی مہم جوئی کا اغاز ہوا تو وہ جنوبی ایشیا کے استحکام پر بری طرح اثر انداز ہوگا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل عسکریت پسندوں کی جانب سے مقبوضہ جموں میں بھارتی فوج کے کیمپ سنجوان پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 5 فوجی سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق فوجی کیمپ پر بھارتی فوج اور دہشتگردوں کے درمیان دو دن سے جاری فائرنگ کے تبادلے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کی جانب سے فوجی کمیپ پر حملہ کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا۔

گزشتہ روز بھارت کی وزیر دفاع نرملا ستھیارامان نے دھمکی دی تھی کہ پاکستان کو جموں کے حصے سنجوان میں بھارتی فوجی کیمپ پر حملے کی قیمت چکانا پڑے گی۔

بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سنجوان میں فوجی کیمپ پر حملے میں جیش محمد کے عسکریت پسند ملوث تھے اور پاکستان کی جانب سے ان دہشت گردوں کو مدد فراہم کی گئی تھی۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.