سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، احسن اقبال

31

لاہور: وفاقی وزیرِداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمارا ہمسایہ ملک سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں دے رہاہے لیکن ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا تھا لیکن ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی تمام معاملات کو تدبیر سے حل کیا، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی مدد سے آپریشن شروع کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کیں، اور آج بھی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کررہے ہیں۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف عالمی سطح پر سازشیں کی جارہی ہیں، پاکستان کے دشمن سازشیں تیار کرنے کے لئے اضافی وقت لگارہے ہیں، ہمارا ہمسایہ ملک سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں دے رہاہے، ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، افغانستان کے حوالے سے پاکستان کو امریکا کی طرف سے سیاسی دباؤ کا سامنا ہے، پاکستان اور امریکا کا تعاون افغانستان میں امن کا ذریعہ بن سکتا ہے، دونوں ممالک میں بد اعتمادی کے فروغ سے دونوں کا نقصان اور دہشت گردوں کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی استحکام پر بھی سرجیکل اسٹرائیک کی جارہی ہے اور یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ سیاست میں ٹارگٹ کلنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایسی نازک صورتحال اور پاکستان کے قومی مسائل پر سیاست دانوں میں یکجہتی کی ضرورت ہے، جس کے لئے پارلیمنٹ موجود ہے، ہمیں پارلیمنٹ کی بھی مرکزی حیثیت کا احترام کرنا چاہئے اور پیشِ نظر رکھنا چاہئے کہ پارلیمنٹ ہی بڑا ادارہ اور جمہوریت کی اثاث ہے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.