وادی نیلم میں پل ٹوٹنے سے 40 سے زائد سیاح دریا میں بہہ گئے

50

مظفرآباد: وادی نیلم میں کنڈل شاہی پل ٹوٹنے سے 40 سے زائد سیاح دریائے نیلم کے ’نالہ جاگراں‘ میں جاگرے جن میں سے اب تک 5 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

مظفر آباد میں وادی نیلم میں خستہ حال کنڈل شاہی پل ٹوٹ گیا جس کے باعث پل پر کھڑے سیاح نالہ جاگراں میں گرگئے۔ ڈوبنے والے پانچوں افراد فیصل آباد کے نجی کالج کے طالب علم تھے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ 6 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے جب کہ باقی لاپتہ سیاحوں کی تلاش کے لیے امدادی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ دریا کا بہاؤ انتہائی تیز ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پل پر خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زائد سیاح کھڑے تھے کہ اچانک پل ٹوٹ گیا اور تمام لوگ نالے میں بہہ گئے۔ نالہ جاگراں بلندی سے نیچے اترنے والا انتہائی تیز رفتار نالہ ہے جس میں پانی بہت تیز رفتاری سے بہتا ہے لہٰذا گرنے والے سیاحوں کےبچنے کی امید بہت کم ہے۔ ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ شاہد محمود کا کہنا ہے کہ خستہ حال پل گنجائش سے زیادہ افراد کا بوجھ برداشت نہ کرسکا اور ٹوٹ گیا۔

نیلم حادثے میں متاثرہ افراد کی اکثریت کا تعلق فیصل آباد، لاہور اور سرگودھا سے ہے۔ دریا میں گرنے والے سیاحوں میں فیصل آباد کے نجی کالج کے طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں جن میں سے پانچ طالبعلموں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ دو طالبات اور ایک طالبعلم کو زندہ بچالیا گیا ہے۔ ڈوب کر ہلاک ہونے والے طلبہ کی شناخت شاہ زیب، عبدالرحمان، محمد زبیر، حماد اور معظم کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ انعم مطلوب، علینہ بی بی اور ولید ساجد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر نے وادی نیلم واقعہ پر فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نیلم اور ایس پی کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جائے۔ راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات اور بدانتظامی کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ پاک آرمی بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔

دوسری جانب فیصل آباد کالج کے ڈائریکٹر جنید سبحانی کا کہنا ہے کہ کالج سے ٹوٹل 69 لوگ گئے تھے، جب کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی غم سے نڈھال والدین نے کالج آکر معلومات حاصل کرنی شروع کردی ہے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.