سائبر کرائم کا شکار ہونے والے اداکار

23

ممبئی: موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی کے باعث فنکاروں اور پرستاروں کے درمیان روابط نہایت آسان ہوگئے ہیں لیکن جہاں سوشل میڈیا کے بےشمار فوائد ہیں وہیں ان کے باعث کبھی کبھی فنکاروں کو مشکلات بھی جھیلنا پڑتی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک، انسٹاگرام اور ٹویٹر سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے تمام فنکار نہ صرف اپنے چاہنے والوں سے براہ راست رابطے میں رہتے ہیں بلکہ اپنے آنے والے ہر نئے پروجیکٹ کے بارے میں بھی سب سے پہلے تمام لوگوں کو آگاہ کرتے ہیں لیکن دنیا میں ٹیکنا لوجی کے  بڑے بڑے ماہرین موجود ہیں جو نامور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرکے یا ان پر قبضہ کرکے ان اکاؤنٹس پر اپنی مرضی کا مواد پبلش کردیتے ہیں۔ حال ہی میں سائبر کرائم کا شکار ہوئے بالی ووڈاداکار انوپم کھیر اور ابھیشیک بچن۔

انوپم کھیر:

دوروز قبل  ترکی سے تعلق رکھنے والے چند ہیکرز نے بھارتی فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار انوپم کھیر کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرکے اس پر ’’آئی لو پاکستان‘‘کی عبارت تحریر کردی تھی۔ انوپم کے مداح یہ تحریر دیکھ کر ششدر رہ گئے بعد ازاں اداکار نے اپنا اکاؤنٹ ہیک ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ میری اس حوالے سے ٹویٹر انتظامیہ سے بات ہوگئی ہے سب کچھ بہت جلد ٹھیک ہوجائے گا۔

ابھیشیک بچن:

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے صاحبزادے اور اداکار ابھیشیک بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ حال ہی میں ترکی سے تعلق رکھنے والے ہیکرگروپ آئیلیڈز ٹم  نے ہیک کرلیا اور ان کے صفحے کے کور پیج پر میزائل کے ساتھ ابھیشیک بچن کی تصویر لگادی۔ بعد ازاں ابھیشیک بچن نے اپنا اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کی خبر کی تصدیق کی۔

اپنے پیغام میں اداکار نے کہا کہ ’’میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے، لیکن اب سب کچھ ٹھیک ہےآپ لوگوں کی فکر کرنے کا شکریہ‘‘۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ابھیشیک بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی اسی گروپ نے ہیک کیا تھا جس نے انوپم کھیر کا اکاؤنٹ ہیک کیا تھا۔

امیتابھ بچن:

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن سائبر کرائم کاشکار ہوچکے ہیں، ہیکرز نے امیتابھ کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر قبضہ جماکر  ان کے اکاؤنٹ سے فحش مواد والی ویب سائٹ کوفالو کرلیا تھا۔ اپنے پسندیدہ اسٹار کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے فحش مواد والی ویب سائٹ کو فالو کیے جانے پر مداح سکتے میں رہ گئے تھے جس پر امیتابھ بچن نےاپنا اکاؤنٹ بحال ہونے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا۔

رشی کپور:

سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ سرگرم رہنے والے اداکار رشی کپور  بھی سائبر کرائم کا شکار ہوچکے ہیں۔ رشی کپور ٹویٹر کے ذریعے پاکستانیوں کے بارے میں اکثر زہر اگلتے نظرآتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر تنقید کا شکار ہوجاتے ہیں  ہیکرز نے ان کے اکاؤنٹ پر قبضہ جماکر  فحش پیغامات دوسرے لوگوں کو بھیجے تھے جس کے باعث رشی کپور شدید تنقید کی زد میں آگئے۔

شاہد کپور:

نامور اداکار شاہد کپور کا فیس بک اکاؤنٹ ہیکرز کے ہتھے چڑھ گیا تھا جس پر شاہد کپور نے وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا میرا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے لہٰذا اگر آپ میرے پیج پر کوئی بھی ناقبل قبول مواد دیکھیں تو اسے نظرانداز کردیں کیونکہ وہ میری جانب سے پوسٹ نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے اکاؤنٹ بحال ہونے کی اطلاع سے بھی لوگوں کو آگاہ کیا۔

علی ظفر:

اس فہرست میں پاکستانی اداکاروگلوکار علی ظفر بھی شامل ہیں، علی ظفر کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ہیکر نے ان کے پیج پر اپنا نام لکھنے کے ساتھ کہا میں بہت دلچسپ ہوں مہربانی کرکے مجھے فالو کریں۔ بعدازاں ان کا اکاؤنٹ بھی بحال ہوگیا۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.