کنگنا رناوٹ نے بالآخر عامر خان سے مدد مانگ لی

12

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ جو ماضی میں یہ کہ چکی ہیں کہ وہ بولی وڈ خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے ساتھ فلمیں کرنے کی خواہش نہیں رکھتیں۔

کنگنا رناوٹ کے مطابق وہ بولی وڈ خانز کے ساتھ فلموں میں کام کرکے نمائشی اداکارہ نہیں بنانا چاہتیں، کیوں کہ ان کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا۔

شاید اسی وجہ سے ہی کنگنا رناوٹ نے ماضی میں سلمان خان کے ساتھ ’سلطان‘ میں بھی کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

لیکن اب اطلاعات ہیں کہ کنگنا رناوٹ نے اپنی فلم کی کامیابی اور نئی فلم بنانے کے لیے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ سے مدد طلب کرلی۔

دکن کیرونیکل نے ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں کنگنا رناوٹ نے اپنی آنے والی فلم ’منی کارنیکا‘ کے پروڈیوسر کمال جین کے ساتھ عامر خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کنگنا رناوٹ نے عامر خان سے اپنی فلم کو چین میں ریلیز کرنے سے متعلق نہ صرف مشورے مانگے بلکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے بھی مدد طلب کی۔

ساتھ ہی اس ملاقات میں دونوں اداکاروں کے درمیان مبینہ طور پر ایک اور فلم بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، جس میں کنگنا رناوٹ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ عامر خان اور کنگنا رناوٹ کی ملاقات کے بعد یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ جلد ہی دونوں اداکار پہلی بار اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، تاہم ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمال جین کے توسط سے عامر خان اور کنگنا رناوٹ کے درمیان ایک نئی فلم بنانے پر بات چیت ہوئی، جسے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ پروڈیوس کریں گے۔

اطلاعات ہیں کہ پہلی بار عامر خان اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلم کو پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔

کنگنا رناوٹ کے مطابق بولی وڈ خانز کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا—فائل فوٹو: بھارتی میڈیا
کنگنا رناوٹ کے مطابق بولی وڈ خانز کی فلموں میں ہیروئنز کا کردار جاندار نہیں ہوتا—فائل فوٹو: بھارتی میڈیا

رپورٹس کے مطابق عامر خان بھارتی معروز کوہ پیما اور والی بال کھلاڑی ارونما سنہا کی زندگی پر فلم بنانا چاہتے ہیں، جو پہلے فلم ساز و اداکار فرحان اختر بنانا چاہتے تھے، تاہم اب یہ فلم عامر خان پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم کا نام کیا ہوگا اور اس کی ہدایات کون دے گا، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

اب عامر خان کی مدد سے کنگنا رناوٹ نہ صرف اپنی آنے والی فلم ’منی کارنیکا‘ چین میں ریلیز کر سکیں گی، بلکہ مسٹر پرفیکشنسٹ کی پروڈیوس کردہ فلم میں جلوہ گر بھی ہوں گی۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوٹ نے فلم ’ منی کارنیکا‘ میں جھانسی کی رانی کا کردار ادا کیا ہے۔

ارونما سنہا دونوں پاؤں سے معزور ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
ارونما سنہا دونوں پاؤں سے معزور ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

اگر وہ عامر خان کی جانب سے پروڈیوس کردہ آنے والی فلم میں نظر آئیں تو و پہلی بار کوہ پیما اور والی بال کھلاڑی کی صورت میں نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوت‘ کے بعد کنگنا کی فلم ’منی کارنیکا‘ پر تنازع

وہ فلم میں 29 سالہ والی بال پلیئر ارونما سنہا کے روپ میں نظر آئیں گی، جو دنیا کی پہلی ایسی خاتون ہیں جنہوں نے دونوں پاؤں سے معزور ہونے کے باوجود ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کر رکھی ہے۔

انہوں نے اب تک نہ صرف ماؤنٹ ایورسٹ بلکہ دیگر ممالک میں موجود پہاڑوں کی چوٹیاں بھی سر کر رکھی ہیں، انہیں ان کی خدمات کے عوض اعزازت و ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.