’مجھے اس سے محبت ہوئی، اسے کسی اور سے اور کسی اور کو مجھ سے‘

2

پاکستان کی نامور اداکار عائشہ عمر اس وقت اپنی فلم ’کاف کنگنا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی کہانی کے بارے میں اداکارہ نے بتایا کہ یہ ایک منفرد رومانوی کہانی ہوگی۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے عائشہ عمر نے کہا کہ فلم کی کہانی لو ٹرائنگل پر نہیں بلکہ لو اسکوائر پر مبنی ہے۔

فلم ’کاف کنگنا‘ کی ہدایات خلیل الرحمٰن قمر دے رہے ہیں جبکہ فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی، جبکہ عائشہ اس میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

فلم میں اپنے کردار ’گل ناز‘ کے حوالے سے اداکار نے بتایا کہ ’یہ ایک نوجوان لڑکی ہے جو لاہور کی ایک حویلی میں اپنے دادا اور بہن کے ہمراہ زندگی گزار رہی ہے‘۔

 

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’یہ کافی بہادر اور خود پر اعتماد رکھنے والی پنجابی لڑکی ہے جو کسی سے نہیں ڈرتی، بلکہ یہ کافی منہ پھٹ بھی ہے‘۔

فلم ’کاف کنگنا‘ میں گل ناز کو اپنے پڑوسی سے محبت ہوجاتی ہے، یہ کردار اداکار سمیع خان نبھاتے نظر آئیں گے۔

فلم کو لو اسکوائر کہنے پر اداکار نے کہا کہ ’مجھے سمیع خان کے کردار سے محبت ہوگی، سمیع خان کو کسی اور سے اور کسی اور کو مجھ سے، اس لیے اسے لو اسکوائر کہا گیا‘۔

عائشہ نے یہ بھی کہا کہ فلم میں ان کے علاوہ سمیع خان کا بھی اہم کردار ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ ’ان کے ساتھ کام کرنا ایک بہترین تجربہ ثابت ہوا، ان کے پاس بےحد معلومات ہے اور مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، اور ان کی خوبی یہ ہے کہ وہ بھی دوسروں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں، وہ مجھے ہر سین کے بعد چیتی بلاتے تھے‘۔

فلم ’کاف کنگنا‘ آئی ایس پی آر کی مشترکہ کاوش ہے، اس رومانوی فلم کو اگلے سال ریلیز کیا جائے گا۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.