ملالہ کی زندگی پر بنی فلم کی عالمی سفارتکاروں کیلئے خصوصی نمائش

19

پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لیے اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کرنے والی نوبل انعام اور اقوام متحدہ (یو این) کی خیر سگالی سفیر ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی بھارتی فلم کی عالمی سفارت کاروں کے لیے خصوصی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔

ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ساز امجد خان کی فلم ’گل مکئی‘ کی خصوصی نمائش رواں ماہ لندن میں کی جائے گی۔

بھارتی اخبار ’ممبئی مرر‘ کی رپورٹ کے مطابق ’گل مکئی‘ کی خصوصی اسکریننگ میں دنیا بھر کے 450 اعلیٰ سفارتکار شرکت کریں گے۔

’گل مکئی‘ کی اسکریننگ میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ ارکان سمیت اس کی ناقص خوراک کی روک تھام سے متعلق کام کرنے والی ذیلی تنظیم ’ انٹرگورنمنٹل انسٹی ٹیوشن فار دی یوز آف مائیکرو آلگے سپرلینا اگیسنٹ مالنیوٹریشن‘ (آئی آئی ایم ایس اے ایم) کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔

یہی نہیں بلکہ ’گل مکئی‘ کی خصوصی اسکریننگ میں برطانیہ میں تعینات پاکستانی و بھارتی سفیر بھی شرکت کریں گے۔

ریم شیخ نے ملالہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: گلوبل ولیج اسپیس
ریم شیخ نے ملالہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: گلوبل ولیج اسپیس

فلم کی خصوصی اسکریننگ میں جہاں پاک-بھارت سفراء اور عالمی سفیر شریک ہوں گے، وہیں اس میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی اپنے والدین اور قریبی دوستوں سمیت شریک ہوں گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی خصوصی اسکریننگ میں فلم کی کاسٹ سمیت برطانیہ اور امریکا کے چوٹی کے فلم ساز بھی شرکت کریں گے۔

فلم ساز امجد خان نے ’گل مکئی‘ کی لندن میں سفیروں کے لیے خصوصی اسکریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی فلم وہ پہلی فلم ہوگی، جسے لوگو سمیت اعلیٰ سفارتکاروں کو دکھایا جائے گا۔

امجد خان نے فلم کو بھارت میں نمائش کے لیے پیش کرنے کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ انہوں نے اسے ریلیز کرنے کی حتمی تیاری نہیں کی، تاہم ممکنہ طور پر فلم کو رواں برس اپریل کے بعد نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

دیویا دتا نے ملالہ کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: بولی ورم
دیویا دتا نے ملالہ کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: بولی ورم

خیال رہے کہ ’گل مکئی‘ میں 16 سالہ ریم سمیر شیخ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے روپ میں نظر آئیں گی۔

ریم شیخ کی یہ پہلی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ متعدد بھارتی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

فلم میں ملالہ یوسف زئی کی والدہ کا کردار اداکارہ دیویا دتا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں عطل کلکرنی نوبل انعام یافتہ ملالہ کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم میں ملا فضل اللہ، بیت اللہ محسود اور صوفی محمد کے کرداروں کو بھی دکھایا جائے گا۔

فلم کو رواں برس کے وسط تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں برس کے وسط تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

فلم کا ٹیزر ٹریلر ملالہ یوسف زئی کی 21 ویں سالگرہ اور پانچویں ملالہ ڈے پر 12 جولائی 2018 کو ریلیز کیا گیا تھا۔

گل مکئی’ کے جاری کیے گئے ڈیڑھ منٹ دورانیے کے ٹیزر ٹریلر میں ان کی ابتدائی زندگی کے دنوں اور افغانستان و پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں طالبان کی جنگ کو دکھایا گیا۔

ٹریلر کے آغاز میں ہی بولی وڈ اداکار کبیر بیدی کی پس پردہ آواز سنائی دیتی ہے، جو اسلام میں جہاد اور پھر پاکستان اور افغانستان میں طالبان کی جانب سے کیے گئے حملوں اور جنگ کی بات کرتے سنائی دیتے ہیں۔

کبیر بیدی کی آواز ختم ہوتے ہے ملالہ یوسف زئی کی آواز سنائی دیتی ہے جو اپنی والدہ سے اپنے نام کا مطلب پوچھتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے نام کے معنی تو غمزدہ کے ہیں۔

فلم میں ملالہ کی دوستوں کو بھی دکھایا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم میں ملالہ کی دوستوں کو بھی دکھایا جائے گا—اسکرین شاٹ

ملالہ کا سوال ختم ہوتے ہی ان کی والدہ بولتی ہوئی سنائی دیتی ہیں، وہ اپنی معصوم بیٹی کو اپنے نام کا مطلب سناتے ہوئے ماضی کا قصہ سناتی ہیں۔

ان کی والدہ اپنی بیٹی کو پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان پر برطانوی حملے کا قصہ سناتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس وقت ملالئی نے اپنے ملک کے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے حجاب اتار کر ان کی حوصلہ افزائی کے لیے لکھنا شروع کیا، جس پر فوج میں حوصلہ بڑھا اور وہ ہمت سے لڑنے لگے۔

ٹریلر میں ملالہ یوسف زئی اور اس کی والدہ کی آوازیں پس پردہ سنائی دیتی ہیں، جب کہ اس دوران عکس بندی کے لیے ملالہ یوسف زئی اور افغانستان میں جنگ کے مناظر کو دکھایا گیا ہے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.