ورلڈ کپ 2019 کی ٹکٹوں کیلئے ریکارڈ 25 لاکھ درخواستیں موصول

19

لندن: (ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کیلئے پبلک بیلِـٹ فیز کیلئے ٹکٹوں کی درخواستیں وصول کرنے کی مدت 29 اگست کو ختم ہو گئی۔ کرکٹ پرستاروں کا جذبہ اتنا زیادہ تھا کہ ٹکٹوں کیلئے 25 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔

باقی رہ جانے والی نشستوں کیلئے ٹکٹیں جنرل سیل فیز میں آفیشل ویب سائٹ پر 27 ستمبر تک دستیاب ہوںگی، آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے مینجنگ ڈائریکٹر سٹیو ایلورتھی کے مطابق آئندہ سال بہار کے دوران ورلڈ کپ 2019 برطانیہ اور ویلز میں کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ ہو گا جس کیلئے کرکٹ پرستاروں کی ٹکٹوں کیلئے بڑی تعداد میں درخواستیں انکے جوش و جذبے کی عکاس ہیں۔ جو کرکٹ پرستار رہ گئے ہیں انھیں چاہئے کہ جنرل سیل فیز میں ٹکٹ خرید لیں، اس فیز میں 50 ہزار باقی رہ جانے والی ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق مڈغاسکر سے لے کر میکسیکو تک 148 ممالک سے کرکٹ فینز نے ٹکٹوں کیلئے درخواستیں بھجوائیں جو کرکٹ ورلڈ کپ کی دنیا بھر میں مقبولیت کی غماز ہے۔ پاکستان اور بھارت کے میچوں کی ٹکٹیں سب سے زیادہ طلب کی گئیں۔ اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچوں کی طلب زیادہ رہی۔

ٹکٹوں کی فروخت کا پبلک بیلِـٹ فیز لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کی غرض سے 9 منٹ کی ایک فلم کی لانچ کے ذریعے شروع کیا گیا اور مزاحیہ اداکار  چابڈی جی  کے شو نے بھی عوامی توجہ مرکوز کرانے میں مدد دی۔

ورلڈ کپ کا ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی تک جاری رہے گا، سیمی فائنلز 9 سے 11 جبکہ فائنل لارڈز میں 14 جولائی کو ہو گا۔ کارڈیف ویلز، برسٹل کاونٹی گراونڈ سمیت 11 سٹیڈیم میں تمام میچ کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ اور ویلز 1975، 1979، 1983 اور 1999 کے ورلڈ کپ کے میزبان رہ چکے ہیں۔ جبکہ ونرز کی بات کی جائے تو آسٹریلین ٹیم دنیائے کرکٹ کی سب سے کامیاب ٹیم رہی جس نے 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 کے ورلڈ کپ جیتے، ویسٹ انڈیز نے 1975 اور 1979، بھارت نے 1983 اور 2011، پاکستان نے 1992 اور سری لنکا 1996 کے ورلڈ چمپئن بنے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.