ایشیا کپ: ہانگ کانگ کی پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

20

دبئی: ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ 

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہانگ کانگ کے کپتان انوشمان رتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے تاہم مخالف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ فائنل تک پہنچنے کے لیے 6 میں سے 5 میچز لازمی جیتنا ہوں گے، ٹورنامنٹ بہت اہم ہے کچھ نہیں کہہ سکتے کون جیتے گا تاہم ایشیا کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کی ٹیم نے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا، یہ ان کے لیے بڑا ایونٹ ہے، آج 4 فاسٹ بالرز اور  ایک اسپنر کے ساتھ کھیلیں گے۔

ہانگ کانگ کے خلاف قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔

ہانگ کانگ کی ٹیم کپتان انوشمان رتھ، بابر حیات، نزاکت خان، تنویر افضل، اعزاز خان، کرسٹوفر کارٹر، ندیم احمد، اسکوٹ مکینی، احسن خان، احسان نواز اور کنچٹ شاہ پر مشتمل ہے۔

دبئی کا موسم شدید گرم ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے۔

ہانگ کانگ کی ایشیا کپ میں تیسری مرتبہ شرکت

ہانگ کانگ کی ٹیم تیسری مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کررہی ہے، پہلی مرتبہ اس نے 2004 میں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں شرکت کی اور اس کے بعد 2008 میں پاکستان میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا تاہم دونوں مرتبہ وہ کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک مرتبہ پھر آئی سی سی نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے میچوں کو بین الاقوامی میچوں کا درجہ دے رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگال ٹائیگرز نے سری لنکا کو 137 رن سے ہرا دیا تھا۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.