سام سنگ کے مقابلے پر سونی کے نئے فلیگ شپ فونز

34

جاپانی کمپنی کے اسمارٹ فونز کو گزشتہ برسوں کے دوران زیادہ پسند نہیں کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ جاپانی کمپنی نے سمجھ لیا کہ اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس کے دو نئے فلیگ شپ فون ایکسپیریا ایکس زی ٹو اور ایکس زی ٹو کامپیکٹ کمپنی کے روایتی ڈیزائن سے ہٹ کر بالکل مختلف ڈیوائسز ہیں۔

یہ پہلے سے بہت زیادہ تیز اور ڈیزائن کے لحاظ سے کم بیزل والے فون ہیں مگر ایج ٹو ایج اسکرین اب بھی سونی نے متعارف نہیں کرائی۔

سونی کے یہ دونوں فون کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر سے لیس ہیں جو کہ اس وقت اینڈرائیڈ فونز کے لیے دستیاب سب سے طاقتور پراسیسر ہے جبکہ فور جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج بھی دی گئی ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 400 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

آسان الفاظ میں ایکس زی ٹو رفتار کے لحاظ سے سام سنگ کے گلیکسی ایس نائن کی ٹکر کا ہے جبکہ کوالکوم کا ایکس 20 موڈیم اس کی ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ 1.2 جی بی پی ایس تک بڑھا سکتا ہے۔

دونوں فونز اینڈرائیڈ 8.0 اوریو آپریٹنگ سسٹم پر کام کریں گے تاہم دونوں میں ایک فرق ڈسپلے کے حجم کا ہے۔

ایکس زی ٹو 5.7 انچ کی فل ایچ ڈی پلس ایچ ڈی آر ڈسپلے جبکہ ایکس زی ٹو کامپیکٹ 5 انچ اسکرین والا فون ہے۔

پہلی بار سونی کے اسمارٹ فونز میں وائرلیس چارجنگ بھی دستیاب ہے تاہم یہ ایکس زی ٹو میں ہی متعارف کرائی گئی، چھوٹے ورژن اس سے محروم ہے۔

ایکس زی ٹو میں 3180 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جبکہ دوسرے فون میں یہ سائز کم ہے اور وائرلیس چارجنگ بھی اس ڈیوائس کو نہیں دی گئی۔

سونی ایکسپیریا ایکس زی کامپیکٹ— فوٹو بشکریہ سونی
سونی ایکسپیریا ایکس زی کامپیکٹ— فوٹو بشکریہ سونی

دونوں فونز میں بیک پر انیس میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق یہ کیمرہ نہ صرف ایچ ڈی آر ویڈیو ریکارڈ کرسکتا ہے بلکہ یہ کام فور کے ریزولوشن میں ممکن ہوگا۔

یہ پہلی بار ہے کہ کسی اسمارٹ فون میں 4 کے ایچ ڈی آر ویڈیوز شوٹ کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے اور کسی اور فون میں اب تک اسے پیش نہیں کیا گیا۔

اسی طرح سپر سلو موشن فوٹیج بھی ریکارڈ کی جاسکتی ہے جو کہ سونی کے کچھ دیگر فونز میں بھی ممکن ہے مگر ان نئی ڈیوائسز میں اس کا ریزولوشن 720p سے بڑھا کر فل ایچ ڈی کردیا گیا ہے۔

سونی کے مطابق کیمرہ فرم وئیر کے لیے اس نے کوالکوم سے شراکت داری کی تاکہ انتہائی کم روشنی میں بھی بہتر نتائج والی تصاویر کھینچی جاسکیں۔

اسی طرح تھری ڈی فیس میپنگ فیچر کو بھی بیک سے فرنٹ کیمرہ میں منتقل کیا گیا ہے جو صارف کو تیزی سے تھری ڈی سیلفی لینے میں مدد دیتا ہے۔

اور ہاں فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کا کیمرہ دونوں فونز کا حصہ ہے جبکہ فنگر پرنٹ اسکینر کو بیک پر منتقل کردیا گیا ہے۔

سونی کی جانب سے انہیں فروخت کرنے کی تاریخ یا قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم کمپنی کے مطابق یہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں دستیاب ہوں گے۔

مزید خبریں

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.