Mashriq Newspaper

پاکستان ڈوبنے کی طرف جارہا ہے اور ہم اسے ڈوبنے نہیں دیناچاہتے ،محمود خان اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی نے کہاہے کہ پشتونوں کی سرزمین اور قیمتی وسائل پر لوگوں کی نظر ہے یہ وسائل پشتونوں سے لینے کیلئے طاقتور قوتیں پشتونوں کیلئے مختلف بہانے تراش رہے ہیں۔ پشتون نہ دہشتگرد ہے اور نہ ہی فرقہ پرست البتہ اپنی سرزمین کے تحفظ اور ننگ وناموس کی دفاع کیلئے خود بھی مرے ہیں ،طالع آزماوں کو بھی مارا ہے پشتونوں نے سستی یا غفلت کی تو انجام ٹھیک نہیں ہوگا۔ یہ ملک دنیا جہان کا قرضدار ہے عوام کےلئے روزگار کے مواقع نہیں ہیں لوگ دو وقت کی روٹی کمانے کیلئے محنت مزدوری کیلئے مجبور ہیں لیکن حالات ایسے ہیں کہ لوگوں کو مزدوری بھی نہیں ملتی جب گھر میں بچے روٹی کیلئے رو رہے ہوں اور والد کے پاس پیسے نہ ہوں تو وہ بالاخر کیا کرے گا۔ پاکستان ڈوبنے کی طرف جارہا ہے اور ہم اسے ڈوبنے نہیں دیناچاہتے کیونکہ اس میں ہمارے گھر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پشتونخوا کے تاریخی دورے کے دوران ضلع دکی کے مختلف عوامی اجتماعات سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ پشتونخوا میپ کے زیر اہتمام دکی کے کلی نانا صاحب زیارت میں سفر محمد کی رہائش گاہ پر، کلی زرغون آباد لونی میں اختر لونی کی رہائش گاہ پر،کلی ہوسڑی، کلی مرجانزئی اور کلی حاجی کاریز لونی میں عوامی جرگے منعقد کئے۔ جرگوں میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدلرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری صلاح الدین، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نصیر ننگیال ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار حبیب الرحمن دمڑ، سینیٹر سردار شفیق ترین،رزاق خان ترین ، دوست محمد لونی، ضلع کوئٹہ کے ضلعی معاون اختر لونی، باز محمد اکا،ڈاکٹر حسن خان، صوفی خدائیداد، اصغر خان، زلاند خان، مولوی نیک محمد اور دیگر زعماءسمیت ضلع دکی کے پارٹی رہنماﺅں وکارکنوں نے شرکت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.