Mashriq Newspaper

بلوچستان کے 14 اضلاع میں سات روزہ انسداد پولیو کی مہم آج سے شروع ہو گی

کوئٹہ (آن لائن)ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے14 اضلاع میں انسداد پولیو کی مہم بروز پیر3 جون سے شروع ہو گی، جبکہ ہیٹ ویو کے باعث چھ اضلاع میں مہم 8 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی طرح یہ انسدادپولیو مہم صوبے میں ظاہر ہونے والے حالیہ پولیو کے کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے حوالے سے شروع کی جارہی ہے۔مہم کے دوران 20 اضلاع میں مجموعی طور پر 18لاکھ84ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی مہم 3 جون سے بلوچستان کے اضلاع،کوئٹہ، پشین،قلعہ عبداللہ،چمن،حب، چاغی، دکی،لسبیلہ، خضدار، ژوب، نوشکی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور مستونگ میں شروع کی جارہی ہے۔ جبکہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے تناظر میں نصیرآباد، سبی،جعفرآباد، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی اورصحبت پور میں 8 جون سے مہم شروع ہوگی انہوں نے کہا ہے کہ مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ صوبے میں پولیو کیس کی موجودگی کی وجہ سے والدین اس خصوصی مہم میں پولیو ٹیم کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں کیونکہ اس خصوصی مہم کا مقصد حالیہ پولیو وائرس کی موجودگی کی بنا پر کیا جا رہا ہے۔ سید زاہد شاہ نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث پولیوکی اس خصوصی مہم کا آغا ز کیا جارہا ہے۔انہوں کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علما کرام خصوصی طور پر اس خصوصی مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں تین سالوں کے بعدتین پولیوکے کیسز چمن، ڈیرہ بگٹیاو ر قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔سید زاہد شاہ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران7 ہزار636کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 5ہزار933 موبائل ٹیمیں،519فکسڈسائٹ او ر429ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.