Mashriq Newspaper

سائفر کیس: شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبیعت ناساز، ہسپتال منتقلی کی اجازت

اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ عدالت نے سابق وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی کو طبیعت ناساز ہونے کے سبب جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

سائفر کیس میں زیرِ حراست سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوگئی، جیل انتظامیہ کی درخواست پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کے ٹیسٹ کرانے ہیں، جیل ڈاکٹر کی ایڈوائس پر انہیں پمز منتقل کرنے کی اجازت دی جائے، بعدازاں عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری نے ان کی ہسپتال منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاعات ملی ہیں کہ شاہ محمود قریشی کو پمز منتقل کیا جا رہا ہے لیکن اس حوالے سے مزید کوئی معلومات نہیں ہیں، حتیٰ کہ شاہ محمود قریشی کے خاندان کو بھی زیادہ معلومات نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے جیل ڈاکٹر کی سفارش پر شاہ محمود قریشی کے کچھ طبی ٹیسٹ کرانے کے لیے پمز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اُن کو پمز ہسپتال کب منتقل کیا جائے گا یا کر دیا گیا ہے اس حوالے سے بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.