Mashriq Newspaper

وزیراعظم کی کرپشن پر پاک پی ڈبلیو ڈی کو فوری ختم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے  پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو ناقص کارکردگی اور کرپشن پر فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات اور حکومتی ڈھانچے کا حجم کم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا  جس  میں وزیراعظم نے مسلسل ناقص کارکردگی اور کرپشن پر پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو  فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے  کہا کہ  پاک پی ڈبلیو ڈی بطور ادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے جاری ترقیاتی منصوبے جن کا کام پاک پی ڈبلیو کے حوالے کیا گیا ہے ان کے لیے متبادل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

دوران اجلاس حکومتی اخراجات کم کرنے کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی صدارت میں بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کچھ سرکاری اداروں کو ختم اور کچھ کو ضم کرنے کی سفارش  کی جس پر وزیراعظم نے کمیٹی کو مزید سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ موجود تھے۔

اجلاس میں مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران  نے بھی شرکت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.