Mashriq Newspaper

معذور افراد کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے ، جان اچکزئی

کوئٹہ(آن لائن)نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذور افراد کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں معذور افراد کی انمول شراکت کا اعتراف کرتے ہوئے زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کے لیے جامع پالیسیوں اور سماجی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے معذور افراد کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو پہچاننے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر جان اچکزئی نے یکساں مواقعوں کو فروغ دینے اور معذور افراد کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کے مثبت عزم کا اعادہ کیا۔ اس حوالے سے جاری اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے جامع معاشرے کی تشکیل میں خصوصی افراد کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ جان اچکزئی نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ایک مثالی معاشرے کی تعمیر میں ہاتھ بٹائیں اور معذور افراد کو ترقی کی منازل طے کرنیں میں مدد کریں۔ انہوں نے رکاوٹوں کو توڑنےمیں اجتماعی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ ایسے ماحول کو فروغ دیا جائے جہاں ہر فرد اپنی قابلیت کے مطابق، کمیونٹی میں بامعنی حصہ ڈال سکے۔معذور افراد کا عالمی دن دنیا بھر میں معذور افراد کے حقوق اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر منایا جاتا ہے جس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی نے معاشرے پر زور دیا کہ وہ معذور افراد کے لیے مزید جامع اور معاون ماحول پیدا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.