Mashriq Newspaper

فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

آئی سی سی ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

ورلڈکپ کا 35واں میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان بنگولورو میں قائم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو جیت کیلیے 402 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو عبد اللہ شفیق صرف چار رنز بنا کر 6 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ اوپنر فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور 83 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنائی۔ دوسرے اینڈ پر کپتان بابر اعظم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان نے 21 اوورز میں 159 رنز بنائے تو بارش کے باعث میچ کو روکا گیا، ایک گھنٹے بعد جب برسات رکی تو امپائرز نے ڈی ایل ایس قانون کے تحت ہدف کو 342 رنز تک محدود کر کے نو اوورز کم کیے۔

میچ شروع ہونے کے بعد 24 گیندیں کھیلی گئیں تو اس دوران پھر بارش شروع ہوگئی پھر کھیل روک دیا گیا۔ اس وقت تک پاکستان نے 25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنا لیے تھے۔

ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان نے اکیس رنز زیادہ بنائے جس کے تحت قومی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔

فخر زمان 81 گیندوں پر 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 126 رنز اور بابر اعظم 63 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔

فخر زمان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج کا دن میرے لیے خوش قسمتی کا دن تھا، اللہ کا شکر ہے کہ میں اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوا‘۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.