نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کانگو وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی۔
بلوچستان میں کانگو وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، ایک ہی دن میں مزید 3 کیسز رپورٹ ہوگئے جبکہ ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔
ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زبیر نے بتایا کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ دولت خان، 3 سالہ بچی جمائمہ اور 23 سالہ چمن کے رہائشی میر وائس کو فاطمہ جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، 37 سالہ دولت خان کی حالت تشویشناک تھی جو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلعی انتظامی افسران، محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ ڈیری فارمز، چراہ گاہوں اور مال مویشی منڈی کا دورہ کرکے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات تجویز کریں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔