کوئٹہ( این این آئی) کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف اضلاع میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جا ری رہا، دوسری جانب موسم سرما کی پہلی لہر کے آتے ہی گیس پریشر میںکمی اور بجلی کی آنکھ مچو لی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو کوئٹہ ،چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، پشین، ژوب، موسیٰ خیل، سبی، قلات، خضدار،بارکھان، نوشکی، خاران اور چاغی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جا ری رہا جبکہ ضلع کوہلو کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بارکھان میں سب سے زیادہ 31ملی میٹر،کوئٹہ میں 15 ،قلات میں 8،خضداراوردالبندین میں 3،3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ( بدھ ) کوکوئٹہ، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، پشین، ژوب، موسیٰ خیل، سبی، نوشکی ، خاران اور چاغی میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب موسم سرما کی پہلی لہر کے آتے ہی کوئٹہ میں گیس پریشر میںکمی اور بجلی کی آنکھ مچو لی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ بھی کردیا ہے جس پر عوامی حلقوں نے حکام بالا سے گیس پریشر میںکمی ،بجلی کی آنکھ مچو لی اور کم وولٹیج کانو ٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
You might also like