Mashriq Newspaper

پاکستان دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم ناکام ہوچکے ہیں ،جان اچکزئی

کوئٹہ (سٹی رپورٹر) بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے پاکستان دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم۔ناکام ہوچکے ہیں ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر نقصان پہنچانے کے حربے کامیاب نہیں ہوسکے بھارت نے اپنے خفیہ ادارے ”را“کے ذریعے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے کو کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی ہے۔ کیونکہ بندوق کی نوک پر کوئی کام کامیاب نہیں ہوسکتا۔پاکستان کی معیشت پر بوجھ بننے والے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ممالک بھیجنے سے معیشت کو ترقی ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھاکہ پاکستان دشمن قوتوں کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں بھارتی خفیہ ادارے کی ایما پر بدامنی پھیلانے والوں کے اپنے ساتھی ان کو چھوڑ رہے ہیں اور بندوق اٹھانے والوں کی خواہش بھی دم توڑ رہی ہے۔ہتھیار ڈالنے والے گلزار شمبے بلوچ کا بیان خوش آئند ہے بندوق کی نوک پر ریاست پاکستان کو مجبور نہیں کیا جاسکتا کیونکہ تشدد کا راستہ اپنانے اور بندوق سے حقوق حاصل کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے پاکستان دشمن قوتوں کی حمایت کرنے والے انکے سہولت کار ہیں پاکستان میں مقیم 5 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس جاچکے ہیں جنوری تک 10لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیج دیا جائے گا اور غیر قانونی تارکین وطن سے پاکستان کو ہر صورت پاک کیا جائے گا ان کا کہنا تھاکہ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی بلوچستان کے دو روزہ دورے پہنچ چکے ہیں اس موقع پر وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان معاہدے پر دستخط اور دیگر امور پر ملاقاتیں کرینگے اور وہ پی آئی ڈی، ریڈیو پاکستان، ڈی جی پی آر اور کوئٹہ پریس کلب کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی سے ملاقاتیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے بروقت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ اس کے لئے حکومت تیار ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.