انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ختم ہو گئی ہے۔
بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ون ڈے رینکنگ میں انڈین بیٹر شبھمن گِل نے بیٹرز کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ انڈین بولر محمد سراج پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق شبھمن گِل 830 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بابر اعظم 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
اسی طرح بیٹرز کی فہرست میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک کا تیسرا نمبر ہے جبکہ انڈین بیٹر وراٹ کوہلی چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔
اس فہرست میں آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر پانچویں اور انڈین کپتان روہت شرما چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔