Mashriq Newspaper

الیکشن کمیشن اگر 8فروری کو انتخابات کرانا چاہتی ہے تو شیڈول کا اعلان کرے،غفور حیدری

جیکب آباد ( آئی این پی ) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات ابہام کا شکار ہیں ، الیکشن کمیشن اگر 8فروری کو انتخابات کرانا چاہتی ہے تو شیڈول کا اعلان کرے۔ الیکشن سے قبل ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونا ضروری ہے، باجوہ نے ملک پر عمران خان کی صورت میں فتنہ مسلط کیا لیکن ہم نے اس فتنے کو کچل دیا ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس سے ثابت ہے کہ امن و امان کے متعلق ہمارے خدشات درست ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مولانا حیدری نے مزید کہا کہ کے پی کے اور بلوچستان میں آئے روز فورسز پر حملے ہورہے ہیں جے یو آئی کی قیادت کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمن پر تین خودکش حملے ہوچکے ہیں اسی طرح مجھ سمیت ہماری دیگر قیادت پر حملے کئے گئے اور متعدد رہنما و کارکنان شہید ہوئے جب امن نہیں ہوگا تو الیکشن مہم کیسے چلائی جائے گی اور ووٹر کیسے اپنا ووٹ استعمال کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے سمیت جہاں ضرورت ہوئی وہاں مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے ، باجوہ نے 2018ءمیں عالمی خواہش پر عمران کی صورت میں ملک پر فتنہ مسلط کیا جس کو ہم نے کچل دیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت جانبداری کی صورت میں شفاف الیکشن کیسے ممکن ہے ہمارا شروع سے یہی مطالبہ رہا ہے الیکشن صاف شفاف کرائیں جائیں تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے منتخب ہوسکیں نہ کہ ایسے یتیم لوگ ملک پر مسلط کئے جائیں جو مسائل کا سبب بنیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب بزرگوں کے بغیر کام نہیں چلتا اور اس کی وضاحت ابا حضور صاحب نے بھی خود کردی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.