نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور وہ ضرور پوری کریں گے، وہ آئین و قانون کے تحت ذمہ داری پوری کر رہے ہیں، انتخابات کی تاریخ آچکی ہے اور اب کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم صحافی غیر جانبدار نہیں ہیں بلکہ ہماری جمہوریت کے ساتھ جانبداری ہے، آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ بھی جانبداری ہے لیکن انتخابی دوڑ میں ہمارا کوئی گھوڑا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے نگران حکومت کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دوڑ میں کسی ایک جماعت یا کسی امیدوار کی طرفداری یا مخالفت نہ کریں، اسی طرح ہم صحافیوں کے لیے بھی یہ ضروری ہے کہ اس پورے انتخابی عمل کی ہم ایماندارانہ رپورٹنگ کریں اور کہیں ہماری رپورٹنگ میں یہ نظر نہ آئے کہ ہمارا جھکاؤ کسی ایک امیدوار یا جماعت کی طرف ہے۔