Mashriq Newspaper

بھارتی وزیراعظم بدھ کو متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کا افتتاح کریں گے

 بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی منگل سے شروع ہونے والے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کا افتتاح کریں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے گزشتہ 8 ماہ کے دوران تیسرے اور 2015 کے بعد سے ساتویں سرکاری دورے پر منگل کو ابوظہبی پہنچیں گے۔

اس دو روزہ دورے میں بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور نائب صدر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے اور ابوظہبی میں مشرق وسطیٰ کے پہلے مندر کا افتتاح کریں گے۔

اس مندر کی تعمیر کا فیصلہ بھارتی وزیراعظم کے متحدہ عرب امارات کے 2015 کو کیے گئے دورے میں کیا گیا تھا۔ مندر کے لیے 13.5 ایکڑ (55 ہزار مربع میٹر) زمین اُس وقت کے ولی عہد اور موجودہ صدر محمد بن زید النہیان نے بطور تحفہ فراہم کی تھی۔

اس مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد 21 اپریل 2019 کو سوامی نارائن سنستھا کے روحانی لیڈر مہنت سوامی مہاراج شیلانیاس ودھی نے رکھا تھا جس میں متحدہ عرب امارات کے حکام بھی موجود تھے۔

مندر کی 7 چوٹیاں متحدہ عرب امارات کی 7 امارتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس مندر کی تعمیر میں استعمال ہونے والے سیکڑوں ٹن پتھروں کو بھارت میں ماہر کاریگروں نے تراشا تھا اور پھر انھیں متحدہ عرب امارات لاکر جوڑا گیا۔

مندر کے لیے منتخب کیے گئے پتھر راجستھان کے تھے جن کی خاصیت یہ ہے کہ شدید گرمی میں بھی یہ ٹھنڈک کا احساس دیتے ہیں۔

مندر کی لمبائی 262 فٹ، چوڑائی 180 فٹ اور اونچائی 108 فٹ ہے جب کہ اس میں 410 ستون، 12 اہرام کی چوٹیاں، 2 گنبد ہیں۔ مندر کی تعمیر ایسے کی گئی ہے اس پر 7 شدت کے زلزے کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

اپنے دورے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2024 میں بھی شرکت کریں گے جس میں ترکیہ اور قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک کے سربراہان کی شرکت بھی متوقع ہے۔

بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ برسوں میں تجارتی تعلقات نہایت مستحکم ہوئے ہیں دونوں ممالک کے یکم مئی 2022 سے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (CEPA) کے نفاذ کے بعد سے دو طرفہ تجارت 85 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ UAE 2022-23 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھارت میں سرفہرست 4 بڑے سرمایہ کار ممالک میں شامل ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.