گران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان انتقال کر گئے ہیں۔
رحمٰن میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان شبیر شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ رات سے وہ آئی سی یو میں تھے، کچھ دیر قبل نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان انتقال کرگئے۔
ان کے بھتیجے محمد احمد خان نے بتایا کہ ان کی عمر 89 سال تھی، مزید کہا کہ انہوں نے مجھے گزشتہ روز بلایا تھا اور چارسدہ یونیورسٹی جانے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا تھا، وہ بالکل ٹھیک تھے، ہم نے اگلے پیر کو چارسدہ جانا تھا، میں انتظامات کر رہا تھا کہ ان کے انتقال کی خبر آگئی۔
محمد اعظم خان نے رواں سال جنوری میں بطور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا حلف اٹھایا تھا، جب اُس وقت کے سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کے درمیان مشاورت کے ان کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والے اعظم خان نے سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
لنکنز ان لندن سے فارغ التحصیل بیرسٹراعظم خان اس سے قبل 2018 میں نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی کابینہ میں کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ اور وزیرداخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
اعظم خان اکتوبر 2007 سے اپریل 2008 تک وزیراعلیٰ شمس الملک کی نگراں کابینہ میں وزیرداخلہ، منصوبہ بندی اور ترقیات رہے اور اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں اہم پوزیشنز میں فائز رہے۔
نگران حکومتوں کا حصہ رہنے سے قبل وہ ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری رہے اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے چیئرمین بھی رہے۔