Mashriq Newspaper

تحفظات اور شکایات جمہوریت کا حصہ ہیں، مرتضیٰ سولنگی

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ شکایات اور تحفظات جمہوریت کا حصہ ہیں، آئین میں لکھا ہے ملک منتخب نمائندے چلائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مذاکرات اور تحفظات جمہوری نظام کا حسن ہیں، الیکشن کمیشن کی موجودہ قیادت انتہائی ذمے دار اور قابل لوگوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گزارش کریں گے کہ وہ اپنے آئینی عہدے کی عزت کا خیال رکھیں، وہ پورے ملک کے صدر ہیں، کسی جماعت کے صدر نہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بہتر ہوگا کہ صدر مملکت کسی ایک جماعت کے ترجمان نہ بنیں، اُن کے ترجمان بننے سے اعلیٰ عہدے کی عزت میں کمی آتی ہے اور ہم چاہتے ہیں وہ کبھی نہ آئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت آئین اور الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق چلے گی، 8 فروری جمعرات کو الیکشن ہوں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی۔ عام انتخابات کے ذریعے اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کو منتقل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، سابقہ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ سولر سے بجلی پیدا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگی بجلی کی پیداوار سے عوام پر بوجھ پڑتا ہے، مستقبل کی حکومتوں کےلیے ضروری ہے اس پالیسی کو جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں چین نے بہت مدد کی ہے، زیادہ سے زیادہ توجہ توانائی کے متبادل ذرائع پر دیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.