رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران ٹریکٹرز کی فروخت میں 87 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا، تاہم اس کے علاوہ گاڑیوں کی فروخت میں 10 فیصد سے 47 فیصد تک کمی کا سامنا رہا۔
جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹریکٹر (فیاٹ اور میسی فرگوسن) کی فروخت بڑھ کر 17 ہزار 296 یونٹس تک ہونا زرعی سرگرمیوں میں تیزی کا اشارہ دیتا ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ٹریکٹرز کی فروخت 9 ہزار 258 یونٹس رہی تھی۔
ماہانہ بنیادوں پر اگست میں 5 ہزار 909 اور ستمبر میں 6 ہزار 410 کے مقابلے میں اکتوبر 2023 میں کاروں کی فروخت گر کر 4 ہزار 850 یونٹس پر آگئی، جولائی 2023 میں یہ تعداد 3 ہزار 702 رہی تھی۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران کاروں کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 39 ہزار 700 یونٹس کے مقابلے میں 47 فیصد تنزلی کے بعد 20 ہزار 871 یونٹس ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ طلب میں کمی، ایل سیز کھولنے کے مسائل کے سبب پلانٹ کی متعدد بار بندش، مہنگی آٹو فنانسنگ، گاڑیوں کی بُلند قیمتیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں ہیں۔