Mashriq Newspaper

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں کاروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری

کوئٹہ(خ ن) غیر معیاری و غیر صحت بخش خوراک کی فراہمی کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں کاروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ اس سلسلے میں تربت کے علاقوں جوسک اور سری کہن میں ریسٹورنٹ سے خریدی گئی خوراک سے شہریوں کے مبینہ طور پر بیمار ہونے کی اطلاع پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی ڈویڑنل ٹیم نے فوری رسپانس دیتے ہوئے مذکورہ ریسٹورنٹ اور قریب میں واقع ہوٹل کا تفصیلی معائنہ کیا ، ہوٹلوں میں صفائی کے انتظامات ناقص ، پکوان میں زیر استعمال اجزاءغیر معیاری جبکہ تیار و خام اشیائکی اسٹوریج کی صورتحال مخدوش اور غیر صحت بخش پائی گئی جس پر مذکورہ دونوں ہوٹلوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ مالکان و ہوٹل ملازمین کو خوراک کی تیاری و عوام تک فراہمی کے تمام مراحل میں فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے اور اس ضمن میں بی ایف اے حکام کی فراہم کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کرنے کی تنبیہ کی گئی۔ علاوہ ازیں دوران انسپیکشن 8 جنرل اسٹورز مالکان کو زائد المعیاد (Expired) خوردنی مصنوعات کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔ دکانوں سے برآمد شدہ ایکسپائرڈ اشیاء (کولڈرنکس، پیکٹ دودھ ، مصالحے، بسکٹ و چپس وغیرہ) اور چائنیز نمک و پان پراگ کو ضبط کرکے بعدازاں تلف کردیا گیا۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق ناقص خوراک کے خاتمے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں جاری کاروائیوں کے دوران جمعہ کے روز کوئٹہ شہر میں 19 ، تربت میں 10 جبکہ سبی میں 4 خوراک کے مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.