Mashriq Newspaper

کرغزستان میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا نہ کسی خاتون سے زیادتی ہوئی، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے کرغزستان کے سفارت خانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کے لیے طلب کیا اور پاکستانی طلبا کی سیکیورٹی کا مطالبہ کیا، ترجمان نے کہا ہے کہ حملوں میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا اور نہ کسی پاکستانی خاتون کا ریپ ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ نے کرغز سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد کی رپورٹس پر پاکستان کی جانب سے گہری تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ کرغز حکومت کو پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہییں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں ہم وطنوں کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

حملوں میں کسی پاکستانی خاتون کا ریپ نہیں ہوا، ترجمان

بعد ازاں ترجمان دفتر خارجہ زہرہ بلوچ نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل رات کا واقعہ تشویش ناک ہے، ہمارے طلباء کو جو کل تکلیف ہوئی وہ نا قابل قبول ہے، ہم نے کرغز سفارت خانے کے ناظم الامورکو دفتر خارجہ بلایا اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ کرغز حکومت فوری طور پر طلباء کی سیکیورٹی یقینی بنائے جس پر ہمیں اعلیٰ سطح پر طلباء کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.