سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک کی جانب سے یہودی مخالف پوسٹ کی حمایت کی وائٹ ہاؤس نے شدید مذمت کی ہے اور والٹ ڈزنی سمیت اہم کمپنیوں نے ایکس کو اشتہارات دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ یہودی سفید فام افراد کے خلاف نفرت پھیلانے کے ذمے دار ہیں اور ایلون مسک نے اس پوسٹ سے اتفاق کیا تھا۔
پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ ایک سازشی مفروضہ تیار کیا گیا ہے کہ یہودیوں اور بائیں بازو کے لوگوں کو سفید فام لوگوں کو نسلی اور ثقافتی طور پر غیر سفید فام لوگوں سے تبدیل کردیا جائے جو دراصل سفید فام لوگوں کی نسل کشی کا باعث بنے گا۔