بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے ملک کی سب سے بڑی اسلام پسند جماعت کے انتخابات میں حصہ لینے پر ہائی کورٹ کی جانب سے عائد پابندی برقرار رکھی، جبکہ جنوری کے اہم انتخابات سے قبل سیاسی تناؤ بڑھ رہا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی کے مطابق درخواست گزار کے نمائندہ وکیل احسن الکریم نے بتایا کہ چیف جسٹس عبید الحسن نے اپیل کو خارج کردیا، انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی ایک سیاسی جماعت کے طور پر کالعدم ہے اور اس فیصلے کو آج سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ بذریعہ پلیٹ فارم جماعت اسلامی کے مجالس، ایسوسی ایشن یا کسی بھی سیاسی سرگرمی کے انعقاد پر پابندی ہے، مگر جماعت کے ترجمان اور وکیل مطیع الرحمٰن کے مطابق حکم میں جماعت پر پابندی نہیں لگائی گئی لیکن اراکین کو جماعت کے بینر تلے انتخابات میں حصہ لینے سے روکا گیا ہے۔