پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ملک کو درپیش معاشی اور سماجی سنگین مسائل اور مشکلات سے نکالنا ہے تو ہمیں تقسیم اور نفرت کی سیاست کو چھوڑ کر نئے طرز سیاست کو اپنانا ہوگا، اس کی بدولت ہم پورے ملک کو ساتھ لے کر مہنگائی اور دہشت گردی کا بھی مقابلہ کر سکتے ہیں۔
اپر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اسلام آباد کے حکمرانوں کو کوئی احساس نہیں ہے کہ میرے ملک کے عوام کتنے دکھ اور تکلیف میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ہمارے بزرگ سیاستدانوں کے ارادے کیا ہیں مگر ان کی نفرت اور تقسیم کی سیاست میرے عوام کو نقصان پہنچا رہی ہے، مسئلہ ہے تو ہمارے اپنے سیاستدانوں کی آپس کی لڑائی کا مسئلہ ہے، ہمارے بزرگ سیاستدانوں کی انا کا مسئلہ ہے، ان کی پرانی سیاست کا مسئلہ ہے، وہ ذاتی مخالفت نہیں ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں، کسی بھی قوم اور معاشرے کو اختلاف رائے رکھنے کا حق ہونا چاہیے مگر یہاں بالخصوص پنجاب کی سیاست ایسی ہے کہ یا تو میں کھیلوں گا یا میں کسی کو نہیں کھیلنے دوں گا۔