Mashriq Newspaper

حماس نے 25 یرغمالی، اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا

غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا۔ حماس نے 25 یرغمالی جبکہ اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں اور 12 تھائی شہریوں کو رہا کردیا۔ 4 روز کے دوران غزہ سے 50 یرغمالی اور اسرائیل میں قید 150 فلسطینی رہا کیے جائیں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپوٹ کے مطابق اسرائیلی حکام یرغمالیوں کو منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، یرغمالیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے رہا تھائی لینڈ کے 12 شہری اسرائیل پہنچ گئے، تھائی شہریوں کو خصوصی طبی مراکز میں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے 39 فلسطینی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا، رہا کئے گئے فلسطینی قیدیوں میں 24 خواتین اور 15 کمسن بچے شامل ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا۔

قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے تحت اسرائیل ہر یرغمالی کی رہائی کے بدلے 3 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرےگا، رہا ہونےوالے فلسطینی قیدیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اورمغربی کنارے کے شہروں میں سے ہے۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد چار روزہ عارضی جنگ بندی ہوگئی، جس کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.