Mashriq Newspaper

الیکشن کی تاریخ کا اعلان پورا آئین نہیں، کیا دیگر پہلو نظرانداز کردیں؟ انوار الحق کاکڑ

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرتے رہیں گے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان پورا آئین نہیں ہے، آئین کے کئی اور پہلو ہیں، کیا ان تمام پہلوؤں کو نظر انداز کرکے صرف اس ایک پہلو پر زور دینا چاہیے؟

لاہور میں میو ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ میں پنجاب کا دورہ کرکے بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، بہت سے منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، امید کرتا ہوں کہ دیگر صوبے بھی پنجاب کے تجربے سے سبق حاصل کریں کہ کس طرح مؤثر گورننس سے چیزیں ٹھیک کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، سیاحت کے فروغ کے لیے یہ بڑا ضروری پہلو ہے، مذہی سیاحت کے فروغ کے لیے اقدمات وقت کی اہم ضرروت ہے، دیگر صوبے بھی اس جانب توجہ دیں۔

غیر قانونی تارکین وطن کی بےدخلی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ غیر ملکی شہریوں میں سے کسی ایک کو بھی ہم ملک سے نہیں نکال رہے، دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو انخلا کی ڈیڈلائن دی گئی، تیسری کیٹیگری ان کی ہے جو جعلی شناخت کے حامل ہیں، اس کے لیے بھی ہم نے ایک میکنزم طے کردیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.